دو سو پینتیس من فی ایکڑ پیداوار والے لہسن نارک جی.ون کی کاشت کا طریقہ

Author : National Agricultural Research Institute
Designation : National Agricultural Research Institute Islamabad
Timestamp: 31 December 2017 08:59 am

دو سو پینتیس من فی ایکڑ پیداوار والے لہسن نارک جی.ون کی کاشت کا طریقہ
اسلام آباد میں واقع نیشنل ایگری کلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ کی تیار کردہ اس ورائٹی کی پیداوار 235 من فی ایکڑ ہے۔

کاشت کیسے کرنی ہے؟
لہسن نارک جی ون کی کاشت کھیلیوں کی بجائے ہموار کھیت پر کرنے کو زیادہ بہتر سمجھا گیا ہے. لہسن کاشت کرتے ہوئے ایک قطار سے دوسری قطار کا فاصلہ کم از کم 12 انچ (ایک فٹ) ہونا چاہئے. اگر 16 انچ کر دیا جائے تو زیادہ بہتر ہے اس سے پیداوار پر اچھا اثر پڑتا ہے.
اسی طرح ایک بیج سے دوسرے بیج کا فاصلہ 4 انچ ہونا چاہئے. یعنی ایک فٹ میں 3 پوتھیاں.

کھاد کتنی ڈالنی چاہئے؟
لہسن نارک جی.ون کی اچھی پیداوار حاصل کرنے کے لئے گلے سڑے گوبر کی 8 سے 10 ٹرالیاں کھیت میں ڈالیں. کھیت میں گوبر کی کھاد 2 سال میں ایک دفعہ ڈالنا کافی سمجھا جاتا ہے. کیونکہ 30 سے 35 فیصد گوبر کی کھاد پہلی فصل اور باقی 65 سے 70 فیصد کھاد اگلی فصلوں کو ملتی رہتی ہے.
اس کے علاوہ 120 کلوگرام نائٹروجن، 90 کلوگرام فاسفورس اور 80 گلوگرام پوٹاش ڈالنا ضروری ہے.
نائٹروجن، فاسفورس اور پوٹاش کی بتائی گئی مقدار پوری کرنے کے لئے آپ ساڑھے 3 بوری یوریا، 4 بوری ڈے اے پی اور 3 بوری ایس او پی (پوٹاشیم نائٹریٹ) ڈال سکتے ہیں. اوپر دی گئی مقدار پوری کرنے کے لئے آپ متبادل کھادیں بھی استعمال کر سکتے ہیں.
مزید یہ کہ آپ اپنے مالی وسائل کے پیش نظر اسی نسبت سے کھادوں کی مقدار کم بھی کر سکتے ہیں.
کوشش کریں کھادیں ڈالنے سے پہلے زمین کا تجزیہ کروالیں. تجزیہ کروانے سے آپ کی فاسفورس اور پوٹاش کھادوں کی ممکنہ طور پر کافی بچت ہو سکتی ہے.

لہسن نارک جی.ون کاشت کرنے کا بہترین وقت کونسا ہے؟

لہسن نارک جی.ون کاشت کرنے کا بہترین وقت 20 ستمبر سے 30 ستمبر تک ہے. لیکن آپ اسے اکتوبر کے پہلے ہفتے میں بھی لگا سکتے ہیں. کوشش کریں کہ نارک جی.ون کی کاشت اکتوبر کے پہلے ہفتے سے لیٹ نہ ہو ورنہ پیداوار کم ہونے کا امکان ہے.

لہسن نارک جی.ون کب پھوٹنا شروع کرتا ہے؟

لہسن نارک جی.ون بیج لگانے کے 20 سے 25 دن بعد پھوٹنا شروع کرتا ہے. جبکہ دیسی سفید اورفارمی گولڈن 10 دن بعد ہی پھوٹنے لگ جاتا ہے. لہذا اگر دس دن کے بعد نارک جی.ون کے پھوٹنے کا عمل شروع نہ ہو تو پریشان ہونے کی بالکل ضرورت نہیں. پوتھی لگانے کے 20 سے 25 دن کے اندر اندر پھوٹ نکلنا شروع ہو جائے گی.

کیا لہسن نارک جی.ون کے پودے پرگنڈھیل نکلتی ہے؟
ہمارے دیسی سفید اورفارمی گولڈن کے پودے پر گنڈھیل بالکل نہیں نکلتی. جبکہ لہسن نارک جی.ون کے پودے پر پیاز کی طرح گنڈھیل نکلتی ہے. گنڈھیل دراصل پودے کے درمیان سے نکلنے والی شاخ ہے جو سیدھا اوپر کو بڑھتی ہے اور جب اپنا قد پورا کر لیتی ہے تو پھر اس پر پھول لگتا ہے جس کے اندر بیج بنتے ہیں.
واضح رہے کہ پیاز کی گنڈھیل میں تو بیج بن جاتا ہے لیکن لہسن نارک جی.ون کی گنڈھیل میں بیج بالکل نہیں بنتا.
نارک جی.ون لہسن کی اس گنڈھیل کو توڑنا بہت ضروری ہے.
عام طور پر یہ گنڈھیل مارچ کے مہینے میں نکلتی ہے. جیسے ہی گنڈھیل نکلے آپ نے اس کو ہاتھ کی انگلیوں کی مدد سے توڑ دینا ہے. یہ باآسانی ٹوٹ جائے گی. واضح رہے کہ اگر آپ نے اس کو نہ توڑا تو یہ 4 سے 5 فٹ تک قد کرجاتی ہے. وہ خوراک جسے پودا لہسن کی گنڈی بنانے کے لئے استعمال کرتا ہے وہ اس گنڈھیل پر ضائع ہو جاتی ہے اور پیداوار پر بہت برا اثر پڑتا ہے.

لہسن نارک جی.ون کس طرح کی زمین میں زیادہ کامیاب ہے؟

لہسن نارک جی.ون کے لئے ریتلی میرا زمین سب سے بہترین ہے لیکن میرا زمین میں بھی اس کی کاشت کامیابی سے کی جا سکتی ہے. پکے وٹ کی زمینوں میں اس کی پیداوار پر برا اثر پڑتا ہے. اسی طرح ایسی زمینیں جن مین پانی زیادہ تیر تک کھڑا رہےلہسن نارک جی.ون کی کاشت کے لئے موزوں نہیں ہیں۔

لہسن نارک جی.ون کو پانی کتنا چاہئیے؟

لہسن نارک جی.ون کو عام طور پر 10 آب پاشیوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ موسم اور زمین کی خصوصیت کی بنیاد پر دو تین آب پاشیاں کم یا زیادہ ہو سکتی ہیں۔
ایک بات ذہن میں رہے کہ لہسن نارک جی.ون کو دیسی سفید اورفارمی گولڈن لہسن کی نسبت 2 سے 3 پانی زیادہ لگتے ہیں۔

لہسن نارک جی.ون کی برداشت یا پٹائی کب کرنی چاہئیے؟

نارک جی.ون لہسن کی برداشت عام طور پر 15 مئی کے لگ بھگ کی جاتی ہے۔ واضح رہے کہ دیسی سفید اورفارمی گولڈن کی برداشت وسط اپریل تک ہو جاتی ہے۔ اس طرح لہسن نارک جی.ون دیسی سفید اورفارمی گولڈن سے تقریباََ ایک مہینہ لیٹ برداشت ہوتا ہے۔
موسم اور گرمی کی شدت کی وجہ سے اس کی برداشت دس پندرہ دن آگے پیچھے ہو سکتی ہے۔

لہسن نارک جی ون کا بیج کہاں سے ملے گا؟
بیج حاصل کرنے کی سب سے بہترین جگہ تو وہ ادارہ ہے جس نے اس ورائٹی کو تیار کیا ہے یعنی ہارٹی کلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ، نیشنل ایگری کلچرل ریسرچ انسٹیٹیوٹ اسلام آباد

 
 
By continuing to use kisanlink you accept our use of cookies (view more on our Privacy Policy). X